الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

حیات النبیﷺ کانفرنس کراچی

February 15, 2011

حضور پاکﷺ کی ذات تمام عالمین کے لئے رحمت ہے
(کراچی ۔پریس ریلیز) عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشانِ اسلام( رجسٹرڈ )پاکستان،کراچی (ضلع شرقی) کے زیرِ اہتمام عظیم الشان ڈویژنل اسٹیج پروگرام بعنوان ’’حیات النبیﷺ کانفرنس‘‘بمقام منظورکالونی نزدگجر چوک منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے علمائے کرام، مشائخِ عظام وثناء خوانِ رسولﷺ نے شرکت کی۔اس موقع پر عوام نے بھرپور تعداد میں شرکت کی اور نبی ء کریمﷺ سے عشق کا بھرپور مظاہرہ کیا۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔ بارگاہِ رسالت مآبﷺ میں عقیدت کے نذرانے نصراللہ خاں نوری، عبدالرشید چشتی، تنویرالاسلام احمد قادری، محمد سلیم قادری، محمد علی قادری اور دیگر ثناء خوانانِ رسولﷺ نے پیش کئے۔ اس موقع پر حضورپاکﷺ کی سیرت وکردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ممتاز روحانی اسکالراظہرنواز صاحب نے فرمایاکہ حضور پاکﷺ کی ذات تمام عالموں کے لئے رحمت بن کر آئی اور حضور پاکﷺ کی محبت کامل ایمان کی ضمانت ہے۔ نبی ء پاکﷺ کے عشق کے لئے ضروری ہے کہ اس دل کو ذکر الٰہی سے پاک کرکے اسے حضور پاکﷺ کی پاک محبت کے قابل بنایاجائے۔ جب خاتم النبینﷺ کا عشق اس دل میں بس جائے گا تو بندہ حضورپاکﷺ کی نسبت و محبت کے طفیل اللہ سے قریب ہوجائے گا۔اس موقع پر رونقِ محفل حضرت علامہ مولانا الحاج سعید احمدقادری تھے جو اس پروگرام میں شرکت کے لئے راولپنڈی سے خصوصی طورپر تشریف لائے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ آج کے مسلمان اگر گنبدِ خضرٰی ؐسے اپنا ٹوٹاہوا رشتہ پھر سے استوار کرلیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ایک بار پھر پوری دنیا میں مسلمانوں کی حکمرانی ہو۔آج کے دور کے مسلمان وراثتِ مصطفیﷺسے ناآشنا وبے بہرہ ہوگئے نتیجۃً درِ مصطفیﷺ سے دور ہوکر فرقوں میں بٹ گئے۔ذکرالٰہی نبیﷺ کی وراثت ہے اور آج کے مسلمان اس سے بے بہرہ ہیں۔ اس پرُ فتن دور میں ضروری ہے کہ ہم اپنے دلوں کو اللہ کے ذکر میں لگالیں تاکہ اللہ سے اور اس کے رسولﷺ سے قریب ہوسکیں۔محفل کا اختتام ذکر واذکارو صلوۃ و سلام پر کیا گیا۔
جاری کردہ
شعبہ نشرو اشاعت کراچی( ضلع شرقی)

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان