الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

رپورٹ احتجاجی مظاہرہ فیصل آباد

October 26, 2010

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان، فیصل آبا دجو کہ اللہ رب العزت کی وحدانیت اور حضورپاک ﷺ کی ختمِ نبوت پر کامل ایمان رکھتی ہے اور اولیاء کرام کی تعلیمات سے پوری دنیا کو روشناس کروارہی ہے کے زیر اہتمام حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے دربا ر شریف پر بم دھماکوں کی پُر زور مذمت میں پُر امن احتجاج کیا گیا احتجا ج میں شریک لوگوں نے کتبے اور بینر ز اُٹھا رکھے تھے جن پر اللہ کے ولیوں کے درباروں پر خود کش حملوں اور بم دھماکوں کی مذمت میں نعرے درج تھے۔
احتجاج کی قیادت عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام فیصل آبادکے امیر حاجی محمد سلیم قادری صاحب کررہے تھے پُر امن احتجا ج کے شُرکا ،عوام الناس اور مختلف ٹی و ی ،نیوز چینل اور میڈیا کی ٹیموں سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی مشیربرائے نشرواشاعت عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلا م پاکستان جنا ب محمد شفیق قادری اور سابق آرگنائزر صوبہ سندھ جناب وحید انورقادر ی نے کہاکہ اللہ کے ولیوں کے درباروں پرخود کش حملے اور بم دھماکے کرنے والے خود کومسلمان کیسے کہتے ہیں ؟ کہ ہر نماز میں اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا گو بھی ہیں کہ اے اللہ ہمیں سیدھا راستہ دکھا اُن لوگوں کا راستہ جن پر تیر ا انعام ہوا اور پھر انہی انعام یافتہ لوگوں کے درباروں پر کبھی خود کُش حملے اور کبھی بم دھماکے کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے ولی امن و محبت کا درس دیتے ہیں اور اللہ کے درویش کبھی فرقہ وارانہ یا کسی بھی قسم کی منافرت کی تعلیم نہیں دیتے بلکہ تاریخ گواہ ہے کہ بے راہ روی کا شکا ر اور بھٹکے ہوئے لوگ جب بھی اللہ کے ولیوں کی صحبت میں بیٹھے وہ آتے تو چور ،ڈاکواور گنہگار بن کر مگر جب اللہ کے ولیوں کی نظر رحمت اُن پر پڑتی تو اپنے گناہوں سے تائب ہوکر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں سُر خُرو ہوجاتے ۔
انہوں نے مزید اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اپنی آواز اربابِ اختیار اور حکومت کے ایوانوں تک پہنچا دینا چاہتے ہیں کہ ان ظالم خودکش حملہ آوروں اور بم دھماکے کرنے والوں کوجو کبھی مسجدوں ،کبھی امام بارگاہوں ،کبھی میلاد مصطفی ﷺ کے جلسوں ،کبھی پیر باباؒ ،کبھی عمرباباؒ ، کبھی رحمن باباؒ ،کبھی داتا دربار ،کبھی عبداللہ شاہ غازی ؒ کے مزار اور اب حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے مزارِ پُرانوار کو نقصان پہنچا رہے ہیں جلد ازجلد گرفتا ر کیا جائے اوران اسلام دشمن اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کی جائے جو ملک کو امن و محبت کا گہوارہ بننے کی بجائے ملک میں خانہ جنگی کی کوشش کررہے ہیں اور حکومتِ وقت سے پُر زور اپیل بھی کرتے ہیں اور مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ درباروں کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے اور سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے جائیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر حکومت آج بھی ان لوگوں کو نہ پہچان سکی جو شیطان کے آلہ کا ر بن کر اسلام جو کہ سلامتی کا درس دیتا ہے اسکے تشخص کو پوری دنیا میں پامال کررہے ہیں تاکہ دنیاکو اسلام کی اصل تعلیمات سے دور کیا جائے توذراسوچیے !کہیں ایسا تونہیں کہ
جس عہد میں لُٹ جائے فقیروں کی کمائی
اُس دور کے سلطاں سے کوئی بُھول ہوئی ہے

جاری کردہ
شعبہ نشرواشاعت فیصل آباد

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان