الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

رپورٹ تربیتی کنونشن راولپنڈی ڈویژن

July 4, 2011

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ)پاکستان، تربیتی کنونشن راولپنڈی ڈویژن مورخہ ۲۹جون ۲۰۱۱، بروز بدھ بمطابق ۲۷رجب کو انعقاد پذیر ہواجس میں تمام اراکین انجمن راولپنڈی ڈویژن کو دعوت دی گئی۔کنونشن کا آغاز محمد علی قادری نے کلام پاک کی تلاوت سے کیا ۔بعد از نماز مغرب درود پاکﷺ کی محفل منعقد کی گئی، بازبان پیر و مرشد ساتھیوں نے فضائل ذکر خطاب سنا اور اس کے بعد پہلا سیشن اختتام پذیر ہوا۔اس کنونشن کی سب سے بڑی بات کہ یہ اس شب منعقد کیا گیا، جس رات ہمارے آقا ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے آسمانوں کی سیر کرائی اور اپنا دیدار عطا کیا۔
اس کے بعد دوسرا سیشن ’’ دور حاضر میں ہمارے ذمہ داریاں‘‘ ہوا جس میں نقابت کے فرائض فقیر محمد حنیف نے انجام دئیے ۔ مبصرین میں حاجی رشید ، راجہ ساجد، راجہ شہزاد، محمد علی قادری، محسن قادری اور علی رحمان قادری نے شرکت کی اور ساتھیوں سے کہا کہ یہ وقت کا تقاضاکہ تمام سرفروش اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور جو عظیم دولت ہمیں عطا کی گئی ہے ہم اس کا پرچار کریں۔
اسکے بعد کھانے کا وقفہ ہوا۔ جس کے بعد نماز عشاء زیر امامت حضرت مولانا سعید احمد قادری ادا کی گئی۔اس کے بعد تیسرا سیشن کا آغاز ہوا جس کا موضوع تھا’’ جذبہ سرفروشی کیسے بیدار کیا جائے‘‘۔ اس سیشن میں نقابت کے فرائض بسالی سے آئے ہوے محمد اسد قادری نے سر انجام دیئے۔ مبصرین میں سہیل قادری، نزاکت قادری، مرزا طاہر، حافظ لطیف، راجہ شبیر اور وقار قادری نے شرکت کی اور ساتھیوں سے کہا کہ جذبہ سرفروشی بیدار کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کوئی بھی ذاکر اس بر حق مشن کیلئے اپنے تن، من اور دھن کی قربانی سے دریغ نہ کرے۔اس کے ساتھ اس بات پر بھی خصوصی زور دیا گیاکہ ہم اپنے علاقا ئی آستانوں کو مستحکم کریں اور مرکز سے اپنے روابط بھی مضبوط کریں۔
اس کے بعد مولاناسعیداحمدقادری نے معراج مصطفیﷺ کے حوالے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ نے عرش پر بلانے کے بعد آقا ﷺ کو تحفے عطا کیے۔ایک تحفہ نماز جس کے بارے میں سب جانتے ہیں، جبکہ دوسرا تحفہ جو صرف خاص لوگوں کے لیے ہے وہ ہے دیدار الٰہی۔ جو اس امت کو حضور ﷺ کے وسیلے سے ملا اور یہ اس امت پر نبی ﷺ کا احسان عظیم ہے۔ آخر میں کنونشن کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن کی خدمات کو سراہا اور ساتھیوں کو تاکید کی آج وقت ہے کچھ کرنے کا اور درمرشد سے وفا کرنے کا۔
اس کے بعدمہمان خصوصی ملتان کے آرگنائزر چوہدری اظہر نواز نے اعلامیہ پڑھا، اور ذکر لطائف کے بارے میں بھی روشنی ڈالی۔انھوں نے فرمایا کہ ذکر اللہ جڑ اور بیج ہے جس سے پودا پروان چڑھتا ہے اور یہ بیج مرشد پاک نے ہمارے اندر لگا دیا ہے اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس بیج کی نشو نما کے لیے ذکر اللہ کا پانی دیا جائے تاکہ ہمارے رگ و ریشہ میں نور سرائیت کر جائے اور ہماری روحوں تک پہنچ جائے اور ہمارا اپنے مرشد پاک سے رابطہ مضبوط ہو۔ بعد از اں یہ بھی فرمایا، کہ آج کی اس عظیم و با برکت رات میں ہم یہ عہد کریں کہ ہم در مرشد سے آنے والی ہر صدا پر لبیک کہیں گے اور جہد مسلسل کریں گے۔ وہ دن دور نہیں جب ہم سرکاردو عالم ﷺ کی اصل میراث اور مرشد کی خوشنودی حاصل کر سکیں ۔
اس کے بعد ذکر لطائف کی پرنور محفل منعقد کی گئی۔اس کے بعد پروگرام انچارج اور آرگنائزر راولپنڈی محمد وارث قادری نے آرگنائزر واہ کینٹ حاجی رشید ، آرگنائزر بسالی محمد اسرار ، اور تمام اراکین انجمن کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کی کامیابی پر تہہ دل سے مبارک باد دی۔
جاری کردہ
شعبہ نشرو اشاعت راولپنڈی

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان