الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

رپورٹ سالانہ جشن ولادتِ مولائے کائناتؑ فیصل آباد

May 17, 2014

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشانِ اسلام(رجسٹرڈ) پاکستان، فیصل آباد کے زیرِ اہتمام آستانہ عالیہ پر سالانہ جشن ولادتِ مولائے کائناتؑ کے پر مسرت موقع پر عظیم الشان ماہانہ محفلِ گیارھویں شریف بسلسلہ ء جشنِ ولادتِ علی المرتضی شیرِخد انہایت تذک و احتشام سے منعقد کی گئی ۔محفلِ پاک میں نقابت کے فرائض اطہر اقبال ببی ، محمد افضال قادری اور محمد شفیق قادری نے سرانجام دئیے۔ عالمی مرکزی امیر حضرت علامہ مولانا حاجی محمد سعید احمد قادری سمیت حاجی محمد اویس قرنی ،امیرِ فیصل آباد حاجی محمدسلیم قادری ،حاجی محمد اصغر قادری،سیّد اطہر حسین شاہ بخاری ، غلام فرید قادری اورستارالحق قادری کے علاوہ سرفروش ذاکرین اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے محفلِ پاک میں شرکت فرمائی۔
عالمی مرکزی امیرجنابِ محترم حضرت علامہ مولانا حاجی محمد سعید احمد قادری نے مولائے کائناتؑ کی ذاتِ والا صفات کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیااورمرشدِ برحق حضرت سیّدنا ریاض احمد گوھر شاھی مد ظلہ العالی کے طفیل اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایاکہ سلسلہ ء فقر حضرت علی ؑ اور امامِ حسنین کریمینؓ سے چلا ہے اورہمارا طریقہ اسمِ ذات اللہ کے ذریعے لوگوں کے قلوب میں اللہ اللہ جاری کرنا ہے کیونکہ جب تک دل اللہ کی محبت سے سرشار نہیں ہوگاکوئی بھی عبادت اللہ کے یہاں قبولیت کا درجہ حاصل نہیں کر سکتی۔آپ ؑ کی ولادتِ باسعادت خانہء کعبہ میں ہوئی اور آپ ؑ کو مسجد میں دوران سجدہ شہید کیا گیااور آپ ؑ نے اس دنیا میں سب سے پہلے پیارے آقاحضرتِ محمد مصطفیﷺکا دیدار کیا ۔انہوں نے مزید فرمایاکہ خم غدیر کے موقع پر امام الانبیاء ﷺنے حضرت علی ؑ کا ہاتھ بلند کرتے ہوئے فرمایا کہ’’جس کا میں مولا ۔۔۔اُس کا علی مولا‘‘اور سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والوں میں اور آقائے نامدار کی مددو اعانت کا عہد کونیوالوں میں حضرت علی ؑ کا نامِ مبارک ہی آتاہے کہ جب آپﷺنے اپنے قبیلہ کو اسلام کی دعوت دی تو اُس وقت حضرت علی ؑ عمر میں بھی چھوٹے تھے اور سب سے ناتواں اور کمزور بھی تھے لیکن آپؓ نے کھڑے ہوکر عرض کی کہ میں آپ ﷺکا ساتھ دوں گا ۔اسی لئے آپ ﷺنے ارشاد فرمایا کہ کہ علی ؑ دنیا میں میر ا بھائی ہے۔غزوہء خندق کے موقع پر پیارے آقاﷺنے ارشاد فرمایاکہ میں یہ جھنڈا کل اُس کو دوں گا جس سے اللہ اور اُس کا رسول ﷺمحبت کرتے ہیں اور وہ بھی اللہ اور اُس کے رسول ﷺسے محبت کرتے ہیں ۔چنانچہ اگلے دن آپﷺنے حضرت علی ؑ کو طلب فرمایاتو آپؑ کو آشوبِ چشم تھاجس پر نبیء رحمت ﷺنے اپنا لعابِ دہن آپکی آنکھوں میں لگایا تو آپکی آنکھیں شفاء یاب ہو گئیں تو آپ ؑ کی بدولت اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح سے ہمکنار فرمایا۔آقائے نامدارﷺ نے ارشاد فرمایاکہ میں علم کا شہر ہوں اور علی ؑ اُس کا دروازہ ہیں اور حضرت علی المرتضیٰ شیرِخدا دامادِ رسول ﷺبھی ہیں یعنی آپ ﷺنے اپنے پیاری اور لاڈلی بیٹی حضرت فاطمتہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کا نکاح مبارک اللہ تبارک وتعالیٰ کے حکم سے فرمایاکہ جن سے جنت کے نوجوانوں کے سردار جنابِ حسنین کریمین اس دنیا رنگ و بو میں جلوہ افروز ہوئے ۔انہوں نے مزید فرمایا کہ ہمارا آج آپ ؑ کی ولادت کی خوشی منانا باعثِ رحمت و برکت بھی ہے اوراُن کے روحانی مشن کی تبلیغ کا ذریعہ بھی ہے ۔آپ ؑ کا مشن یہ ہے کہ انسان کے اندر پوشیدہ ارواح کواسمِ ذات اللہ کے نور سے بیدارکرنا ہے یہ تب ممکن ہے جب کسی کامل کی نگاہِ کیمیاء تمہارے مردہ دل پر پڑے گی اور اُسے بیدار کرکے تمہیں اللہ رسول ﷺکے نام لیواؤں میں شامل کردے گی ۔انجمن سرفروشانِ اسلام بھی آج کے نفسا نفسی کے دور میںیہی نسخہ ء کیمیا عام کررہی ہے کہ آؤ ایک دفعہ اجازِ تِ ذکر قلب حاصل کرو اور چند دن مرشدِ کریم کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کر کے دیکھو۔انشاء اللہ العزیزتمہارے دل کی خالی دھڑکنیں اسمِ ذات اللہ کے ذکر سے جاری و ساری ہو جائیں گی۔جب تمہیں یہ دولتِ عظمیٰ میسر آجائے تو ہاتھ اُٹھا کر اُس ہستی کو دعا دے دیناکہ جس کے طفیل یہ نایاب دولت تمہیں عطاء ہو ئی ہے ۔آخر میں انہوں نے حاضرین کی کثیر تعداد کو اسمِ ذات کی عظیم دولت سے سرفراز فرمایا۔
ٍ اس عظیم الشان محفلِ پاک کا آغازبعد از نمازِ عصرقاری طارق محمود قادری نے تلاوتِ قرآن کریم سے کیا۔اسکے بعد حمد بار ی تعالیٰ کی سعادت محمد رضوان قادری نے حاصل کی ۔ سیالکوٹ سے تشریف لائے ہوئے مہمان نعت خوان جنابِ حافظ قاری محمد فیض رسول نے اپنی پیاری اور مدھ بھری آواز میں نعتِ رسول مقبول ﷺکا نذرانہ پیش فرمایا۔اسکے بعد جناب عبدالعزیزقادری،جناب عبدالمنان قادری اورجناب محمد حسن قادری نے بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺمیں اپنی عقیدت کا اظہارکیا۔عالمی امیرحضرت علامہ مولانا حاجی محمد سعید احمد قادری کے خطابِ ذیشان کے بعد فیصل آباد کے مشہورو معروف نعت گو شاعرجناب محترم محمد علی سجن و ہمنواء نے اپنے مخصوص سریلے اور دل افروز انداز میں خاتم المرسلین ﷺکی بارگاہِ بے کس پناہ میں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار فرمایا اور حاضرین کے دلوں میں عشقِ مصطفی ﷺکو مزید فروزاں کیا۔منقبتِ مولاعلی ؑ مشکل کشاء اور قصیدہ ء مرشدی کی سعادت جناب عبدالعزیزقادری اورجناب عبدالمنان قادری نے حاصل کی ۔حلقہء ذکر کے بعد درودسلام پیش کیا گیا اور تمام امتِ مرحومہ ،خصوصاًشیخ ناظم عادل ؒ کی روح مبارکہ کو ایصالِ ثواب کیا گیااور ملکِ خداداد پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔اختتامِ محفل پر شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

جاری کردہ
شعبہ نشرواشاعت فیصل آباد

1 2 3 4 5 6 8 9 10 11 12

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان