الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

سالانہ جشن گیارھویں شریف فیصل آباد ماہِ فروری

February 24, 2014

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام(رجسٹرڈ) پاکستان ،فیصل آباد کے زیرِ اہتمام امیرِ فیصل آباد حاجی محمد سلیم قادری کی زیرِ صدارت آستانہ عالیہ پر سالانہ جشنِ گیارھویں شریف کے سلسلہ میں محفلِ پاک نہایت تزک و احتشام سے منعقد کی گئی جس میں محترم جناب شبیر احمد قادری (چیف آرگنائزر آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن رجسٹرڈ)نے خصوصی شرکت فرمائی۔انہوں نے مناجات کا نذرانہ پیش کیا۔محفلِ پاک میں حمدِ باری تعالیٰ کی سعادت بشیر احمد قادری نے حاصل کی۔ نعت خوانی کی سعادت محمد صابر قادری،عطاء الحق قادری اورعبدالعزیزقادری نے حاصل کی۔
محترم شبیر احمد قادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایاکہ ایک سوال کے جواب میں قبلہ شاہ صاحب نے ارشاد فرمایاکہ اولیاء اکرام میں ہماری سب سے زیادہ پسندیدہ ہستی حضور غوثِ پاکؓ کی ہے۔مزید فرمایا کہ ہم نے اللہ تعالیٰ سے جو کچھ بھی مانگنا ہوتا ہے گیارھویں شریف کے دن مانگ لیتے ہیں اور یہ کہ سالانہ گیارھویں شریف سرفروشوں کے لئے تیسری عید کا درجہ رکھتی ہے۔شبیر بھائی نے مزید کہا کہ مہینوں پہلے قبلہ شاہ صاحب سالانہ جشنِ جیلانیؓ کی تیاریاں شروع کروا دیتے تھے اور جیسے جیسے باطنی طور پر حضورِ پاکﷺاور حضورِ غوثِ پاکؓ کی طرف سے ہدایات آتیں ویسے ہی پروگرام میں تبدیلیاں کردی جاتیں۔شروع میں جب سرکار کی رہائش گاہ (چھوٹا آستانہ)پر سالانہ گیارھویں شریف کا انعقاد کیا گیا تو جگہ کم پڑ گئی لہٰذامحترم محمد عارف میمن نے سرکار شاہ صاحب کی اجازت سے ایک ہوٹل میں گیارھویں شریف کے انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات کئے تو پروگرام سے3یا 4دن پہلے سرکار شاہ صاحب نے الیاس میمن شہید(مرکزی مشیرمالیات)سے پروگرام کی تیاریوں کے متعلق دریافت فرمایاتو انہوں نے تما م صورتحال سے آگاہ کیاجس پر قبلہ مُرشدی نے فرمایاکہ یار !رات کو غوثِ پاکؓ تشریف لائے تھے اور کہہ رہے تھے کہ اگر آپ نے ہوٹل میں پروگرام کرنا ہے تو پھر آپ اور آپ کے ذاکرین ہی جائیں گے ہم محفل میں شرکت نہیں کریں گے۔ہم تو آپ کے گھر ہی آئیں گے، جگہ کم ہے یا زیادہ ہمیں اس سے غرض نہیں ہے۔الیاس بھائی نے عرض کیا کہ سرکار آپ حکم فرمائیں تو شاہ صاحب کے حکم سے ہوٹل کی بکنگ کینسل کردی گئی اور چھوٹے آستانہ پر ہی سالانہ گیارھویں کا انعقاد کیا گیا۔محفلِ پاک کے انتظامات کے دوران سرفروش ذاکرین سے سلطا ن باہوؓاور غوثِ پاکؓ سمیت مختلف اولیاء اکرام سے ملاقات ہوتی ااور وہ محفلِ پاک کے انتظامات کے متعلق دریافت فرماتے کہ ہمارے لائق اگر کوئی کام ہے تو بتائیں تو ذاکرین عرض کرتے کہ آپ کی نظرِ کرم ہے۔
کلمہ شریف کے بارے میں مرشدِ پاک نے فرمایا کہ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضورنبی دوعالمﷺکی بارگا ہِ اقدس تک جتنے بھی انبیاء اکرام آئے انہوں نے اپنے امتیوں کو کلمہ ہی سکھایاپھر اس کے بعد جو اولیاء اکرام آئے انہوں نے اپنے ماننے والوں کو کلمہ ہی سکھایاہم بھی تمہیں کلمہ ہی سکھا نے آئے ہیں لیکن ایک بات یاد رکھنا کہ اس دور میں نہیں بلکہ ہردور کی بات ہے کہ کوئی بھی کلمہ پڑھانے والا ملنا بہت ہی مشکل ہے اس کو ڈھونڈنا بہت مشکل ہے اور اگرتمہارا مقدر تیز ہے تمہیں مل جائے ،تم ڈھونڈ لو تو یہ بہت بڑی بات ہے اور ملنے کے بعد اُس سے حاصل کرنا اُس سے بھی زیادہ مشکل ہے اور اگر اُس نے تمہیں یہ عطاء کردیا تو عطاء ہونے کے بعد اُس کو سنبھالنا اُس سے بھی مشکل ہے۔مرشدِ پاک نے فرمایاکہ ہم نے تمہیں اسم ذات عطاء کر دیاہے اب اگر تم ہمارے بتائے ہوئے طریقہ پر صرف چالیس دن ہی عمل کرلو تو ہم12سال کی منزل تمہیں صرف 40دن ہی میں طے کروا دیں گے۔ آج کے دور میں ہمیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہمیں مُرشدِ پاک نے یہ کلمہ عطاء تو کر دیالیکن نہ ہی ہم اس کی قدر کررہے ہیں اورنہ ہی سنبھال پا رہے ہیں۔ یہ بہت بڑا لمحہ فکریہ ہے کہ مُرشدِ پاک نے درود شریف ،ذکرِ لطائف اور گیارھویں شریف کی محافل کی صورت میں ذاکرین پر بے بہا انعام واکرام فرمائے لیکن ہمیں احساس تک نہیں ہے۔ میں آپ کو یہ پیغام دینا چاہوں گا کہ خدارا ہوش کے ناخن لیں اور لجپال مُرشدِ پاک کے فیوض و برکات سے نہ صرف خود مستفیض ہوں بلکہ جو مُرشدِ پاک نے ہماری ڈیوٹی لگائی ہے اُس کو بخوبی نبھانے کی کوشش کریں اسی میں مُرشدِ پاک کی رضا ہے اور اسی میں تمام پریشانیوں سے نجات مضمر ہے۔
منصب علی قادری نے ہدیہء منقبت بحضور غوث الثقلینؓ پیش کیا۔عبدالمنان قادری اور عبدالعزیزقادری نے مرشدِ پاک کے حضور قصائد پیش فرمائے۔حلقہ ذکرکے انعقاد کے بعد درودوسلام پیش کیا گیااور بعد ازاں حاجی محمد اویس قرنی نے دعائے خیرو برکت فرمائی اور اختتام محفل پر لنگر تقسیم کیا گیا۔

DSCN4036 DSCN4039 DSCN4045 DSCN4048 DSCN4057 DSCN4058 DSCN4060 DSCN4062 DSCN4064 DSCN4077 DSCN4072 DSCN4081 DSCN4082 DSCN4079

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان