الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

ماہانہ روح پرور محفلِ گیارھویں شریف ماہ اپریل

April 29, 2014

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشانِ اسلام(رجسٹرڈ) پاکستان ،فیصل آباد کے زیرِ اہتمام آستانہ عالیہ پر ماہانہ محفلِ گیارھویں شریف کا روح پرور پروگرام منعقد کیا گیاجس میں نقابت کے فرائض محمد شفیق قادری اور اطہر اقبال ببی نے سرانجام دئیے۔محفلِ پاک کابا قاعدہ آغاز حمدِ باری تعالیٰ سے کیا گیا جس کی سعادت محمد رفیق قادری نے حاصل کی۔محفلِ گیارھویں شریف میں مناجاتِ غوث الاعظم حاجی محمد اصغر قادری نے پیش فرمائی۔اسکے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا جس میں بارگاہِ محبوبِ دوجہاںﷺمیں گلہائے عقیدت و محبت کے نذرانے محمد حمزہ،محمد مزمل ،محمد رضوان قادری،عبدالعزیز قادری اور عبدالمنان قادری نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں پیش فرماکر حاضرینِ محفل کے دلوں میں محبتِ رسولﷺکو مزید گرمایا۔
سابقہ امیر کوٹری شہرجنابِ محترم محمد نسیم قادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ہماری نسبت اللہ تبارک وتعالیٰ نے ایک ایسی بے مثال و لجپال ہستی سے منسوب کی ہے جن کی نظروں میں جو بھی آیا انہوں نے اسے اسمِ ذات اللہ عطاء فرماکر اللہ اور اُس کے پیارے حبیب ﷺکی بارگاہِ اقدس میں مقبول و منظور بنا دیا۔آج لاکھوں کی تعداد میں ایسے سرفروش ذاکرین و ذاکرات ہیں جن کے دل ہمہ وقت یادِ الٰہی میں مصروف ہیں اور سینے عشقِ مصطفی ﷺسے معمور ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نسبت کو مضبوط و پختہ کرنے کی ضرورت ہے۔سرکار شاہ صاحب نے ہم سرفروشوں کو وہ دولتِ عظمیٰ عطاء فرمائی ہے جس کی بدولت ہم اپنے دلوں میں محبتِ الٰہی اور اپنے سینوں میں محبتِ رسول ﷺکو اجاگر کر سکتے ہیں ۔مرشدِ پاک کا فرمانِ ذیشان ہے کہ عشقِ مصطفیﷺوہ لازوال دولت ہے جو اُن خوش نصیبوں کو حاصل ہوتی ہے جو ذکرِ اللہ و ذکرِ مصطفی ﷺمیں مشغول رہتے ہیں۔انہوں نے سرکار شاہ صاحب کی عظمت کے حوالہ سے اپنے بچپن کے واقعات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک دفعہ سرکار شاہ صاحب چھوٹے آستانہ میں صحن میں تشریف فرماتھے تو صحن میں موجودخرگوش لائن میں دوزانو بیٹھے ہوئے تھے اور سرکار شاہ صاحب کے جسمِ مبارک کی جنبش کے ساتھ وہ بھی اپنے نازک جسم کودائیں اور بائیں حرکت دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بے شمار مواقع پر ایسے واقعات رونما ہوتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھے تو اس سے ہمیں یہ پتہ چلتا ہے کہ انسان تو انسان جانور بھی قبلہ شاہ صاحب کا کس قدر احترام کیاکرتے تھے۔نسبتِ گوھر شاھی مد ظلہ العالی کے حوالہ سے محترم محمد عارف میمن شہید کا ایک واقعہ بیان کرتے ہو ئے انہوں نے بتا یا کہ ایک دفعہ قبلہ شاہ صاحب اور عارف بھائی کہیں جارہے تھے اور عارف بھائی قبلہ شاہ صاحب کے پیچھے پیچھے مودبانہ انداز میں ہاتھ باندھے ہو ئے سفر طے کر رہے تھے کہ راستہ میں ایک درخت سے عارف بھائی نے پتہ توڑ لیااُس درخت کے نیچے بیٹھے ہوئے شخص نے سختی سے کہا کہ تمہیں یہ پتہ توڑنے کی جرات کیسے ہو ئی ،تمہیں پتہ نہیں کہ میں قلند ر پاک ؒ کا مرید ہوں ۔یہ بات سن کر عارف بھائی نے اُس درخت کو ہلایا اور کافی پتے گرا دئیے اور فرمایا کہ اگر تم قلندر پاک کے مرید ہو تو میں بھی گوھر شاھی کا مرید ہوں تم سے جو ہوتا ہے کر لے ۔ اسکے بعد یہ معاملہ غوثِ پاکؓ اور کچہری رسول اللہ ﷺمیں بھی پیش ہوا۔اس لئے کبھی بھی اپنے آپ کو حقیر نہ سمجھیں بلکہ مرشدِ پاک نے ہماری جو ڈیوٹی لگا ئی ہے کہ خود بھی اللہ اللہ کرو اور بھٹکی ہوئی مخلوقِ خدا کو بھی اسمِ ذات اللہ کی طرف لے کو آؤ اسی میں مرشدِ پاک کی رضا و خوشنودی پنہاں ہے اور یہی انجمن سرفروشانِ اسلام کا پیغامِ خاص ہے کہ ایک دفعہ اسمِ ذات اللہ کی بوٹی اپنے دل میں لگا کر دلوں کی دھڑکنوں سے اللہ اللہ کرو پھر تمہیں دیدارِ غوث الوراءؓ ، دیدارِ رسولﷺاور دیدارِ الٰہی بھی حاصل ہو جائے گااور مرنے سے پہلے ہی مرنے کی حقیقت بھی سمجھ میں آجائے گی اورمقصدِ زندگی بھی حاصل ہو جائے گا۔
منقبتِ غوث الثقلینؓ کی سعادت محمد رفیق قادری نے حاصل کی ۔اسکے بعد کلامِ میاں محمد بخشؒ (کوٹ مٹھن والی سرکار)اور قصیدہ ء مرشدی اپنے مخصوص انداز میں عبدالعزیز قادری نے پیش کیااور عبدالمنان قادری نے بھی بارگاہِ مرشدی میں نذرانہء قصیدہ پیش کیا ۔حاجی محمد اویس قرنی نے نئے ساتھیوں کو ذکرِ قلب کی نایاب دولتِ عظمیٰ سے نوازا ۔ محمد صدیق صداقت نے حلقہء ذکر کوترتیب دیا۔درودوسلام کے بعد مرحومینِ کے ایصالِ ثواب و ملکِ خداداد پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔اختتامِ محفل پرلنگر غوثیہؓ بھی تقسیم کیا گیا۔

DSC_0282 DSC_0280 DSC_0279 DSC_0281 DSC_0283 DSC_0284 DSC_0285 DSC_0287 DSC_0288 DSC_0289 DSC_0290 DSC_0292 DSC_0278 DSC_0277 DSC_0276 DSC_0275

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان