عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) فیصل آباد کے زیرِ اہتمام آستانہ فیصل آباد پر محرم الحرام کے سلسلہ میں ماہانہ محفلِ گیارھویں شریف نہایت تزک و احتشام سے منعقد کی گئی جس میں نقابت کے فرائض سینئر سرفروش محمد شفیق قادری نے سرانجام دئیے۔محفلِ پاک کا باقاعدہ آغاز قاری طارق محمود قادری نے کلامِ مجیدکی معطر ،مطہر ،نورانی آیاتِ مبارکہ سے کیا ۔اسکے بعد حمدِ بار ی تعالیٰ کی سعادت شیخ محمد نوید قادری نے حاصل کی۔مشہورومعروف ثناء خواں حضرات جناب محمد زبیر قادری،عبدالمنان قادری،عباد علی عباد،عبدالعزیزقادری ،محمد رضوان قادری کے علاوہ ننھے منھے ثناء خواں سیف شہباز نے بارگاہِ رسالتِ مآبﷺ میں
ثناء خوانی کی سعادت حاصل کی۔ محمد شفیق قادری نے شہدائے کربلا کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت و محبت پیش کیااور فرمایا کہ یہ وہ مقدس گھرانہ ہے جس کی چادرِتطہیر کی قسم خود رب نے کھائی اور اس گھرانے کی ہر خوشی کو اللہ تعالیٰ نے ہر حال میں مقدم رکھا۔ حسنین کریمینؓ کے لیے جنت سے کپڑوں کے جوڑوں کا آنا،انکی خوشی کیلئے ہرنی کا اپنے بچے کو خود بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺمیں لے کر آنا،امامِ عالی مقامؓ کا راہب کو 7بیٹوں کی خوشخبری دینا،حضرتِ امامِ حسینؓ ؑ کاسجدہ کی حالت میں پشتِ رسولﷺپر سوار ہونا اورحضورِ پاکﷺ کا 72دفعہ تسبیح کا ادا فرماناغرض اللہ تبارک وتعالیٰ نے اہلِ بیت اطہار کو وہ کمالات عطاء فرمائے کہ قیامت تک کیلئے دنیاپر اہلِ بیت کی عظمت روزِروشن کی طرح واضح کردی اور امامِ عالی مقامؓ اور ان کے 72جانثار سرفروشوں نے کربلا کے میدان میں دینِ اسلام کو بچانے کیلئے اپنے مقدس خون کا آخری قطرہ تک بہا دیا اوراہلِ دنیا پر واضح کردیا کہ جب بھی دین پر ایسا وقت آئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرناہماری مددو نصرت تمہارے ساتھ ہو گی۔آج کے اس مادیت پرستی کے دور میں قبلہ و کعبہ پیرومرشد حضرت سیّدنا ریاض احمد گوھر شاھی مد ظلہ العالی کی تعلیمات بھی یہی ہیں کہ اپنے باطن کو اسمِ ذات اللہ کے ذکر سے روشن و منور کر لوجس سے تمہارے اند ر جذبہء حسینی پیدا ہو گا اور تمہیں حق اور باطل کی تمیز ہو سکے گی لیکن اس کیلئے سب سے پہلے اپنے دل اور دوسری باطنی روحانی مخلوقات کو اسمِ ذات اللہ کی ضربوں سے بیدار کرنا پڑے گا۔ حضور غوث الثقلینؓ کی بارگاہِ اقدس میں نعیم فیصل نے منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔قبلہ ء عالم حضرت سیّدنا ریاض احمد گوھر شاھی مد ظلہ العالی کی بارگاہِ اقدس میں عبدالعزیزقادری نے قصیدہ کی سعادت حاصل کی۔ حاجی محمد سلیم قادری(امیرِ فیصل آباد)نے حلقہء ذکر کو ترتیب دیا۔درودوسلام کے بعدشہدائے کربلا کے حضور خصوصی دعائیں کی گئی۔