الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا رسول اللہ الصلوٰ ۃ والسلام علیک یا حبیب اللہ
Subscribe: PostsComments

محفلِ جشنِ صبحِ بہاراں

January 14, 2014

عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشانِ اسلام(رجسٹرڈ) پاکستان ،فیصل آباد کے زیرِ اہتمام آستانہ فیصل آباد پر حضور پُر نور ،شافعِ یوم النشورﷺکی جشنِ ولادتِ باسعادت کے سلسلہ میں 12ربیع الاول شریف بمطابق14جنوری2014 ؁ ء بروز منگل صبح صادق 4بجے خصوصی محفلِ پاک کا انعقاد کیا گیاجس میں نقابت کے فرائض اطہر اقبال نے سرانجام دئیے۔محفلِ پاک کا باقاعدہ آغاز قاری طارق محمود قادری نے قر آنِ پاک کی تلاوت سے کیا۔اسکے بعد حمدِ باری تعالیٰ کی سعادت محمد رضوان قادری آف کوہِ نور فلیٹ نے حاصل کی۔بارگاہِ رسالتِ مآبﷺمیں ہدیہء عقیدت و محبت کے نذرانے محمد جمیل قادری،محمد مزمل قادری،رضوان اشرف قادری،عرفان قیصراور رحمان فیضی نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں پیش کر کے شرکاء محفل کے دلوں میں عشقِ رسالتِ مآبﷺکو مزید اجاگر کیا۔
سینئر رہنما محمد شفیق قادری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایاکہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ اور اُس کے پیارے حبیبﷺنے ہمیں یہ سعادت بخشی کہ ہم ان مبارک ساعتوں سے فیوض و برکات حاصل کر رہے ہیں ۔یہ وہ خاص لمحات ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے اور آخری پیمبرحضرتِ محمدِ مصطفی ﷺکو اس روئے زمین پر مبعوث فرماکر مومنین پر احسانِ عظیم فرمایااور ہمیں اپنی محبوب امت میں پیدا فرمایا ۔اب ہم پرلازم ہے کہ ہم اسوہء رسول ﷺپر عمل پیرا ہوکر آقائے دوعالم ﷺسے اپنی محبت کا عملی ثبوت دیں کیونکہ اولیاء اکرام جو کہ ولائیت کے عظیم منصب کے بعد مخلوقِ خدا کی رہنمائی اور ہدایت کے لئے روحانی ڈیوٹی پر معمور کئے گئے ہیں وہ لوگوں کے دلوں میں ذکر اللہ کا نور پیدا کرکے ان کے سیاہ اور زنگ آلود قلوب کو پاک و صاف کرکے اس قابل بنا دیتے ہیں کہ وہ اپنی ظاہری اور باطنی آنکھوں سے سرکارِ دوعالم ﷺکا دیداراقدس کرکے نگاہِ مصطفیﷺ سے فیوض و برکات حاصل کرتے ہیں ۔اس کے لئے سب سے پہلے اپنے دلوں کی خالی دھڑکنوں کو اسمِ ذات اللہ سے جاری و ساری کرنا پڑتا ہے ۔انجمن سرفروشانِ اسلام آج کے اس مادیت پرستی کے دورمیں لوگوں کو اپنے دلوں کواسم ذات اللہ سے جاری کرنے کا درسِ عظیم دے رہی ہے ۔پیرو مرشد فرماتے ہیں کہ’’ ہم جس کو ذکرِقلب دیتے ہیں اُس کی سرپرستی بھی فرماتے ہیں اوراس کے ساتھ دوروحانی موکلات بھی لگادیتے ہیں جو کہ شیطانی ارواح سے اُس کی حفاظت کرتے ہیں‘‘ایک دوسرے موقع پر قبلہ شاہ صاحب نے فرمایاکہ ’’ ہم تمہارا ساتھ اُس وقت تک نہیں چھوڑیں گے جب تک تمہیں بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺتک نہ پہنچا دیں‘‘حاجی محمد اویس قرنی نے نئے لوگوں کو اجازتِ ذکرِ قلب کی نایاب دولتِ عظمیٰ سے نوازا۔
محمد رفیق قادری نے حضور غوث الثقلینؓ کی بارگاہِ اقدس میں نذرانہء منقبت پیش کیا۔منصب علی قادری نے بارگاہِ مرشدی میں نذرانہء قصیدہ پیش کے سرفروش ذاکرین کے دلوں میں پیرو مرشد کی محبت کو اجاگر کیا۔امیرِ فیصل آباد حاجی محمد سلیم قادری نے حلقہء ذکر کو ترتیب دیا۔درودوسلام کے بعد محمد افضال قادری نے دعائے خیرو برکت فرمائی۔

Facebooktwittergoogle_plusredditpinterestmailby feather
انجمن سرفروشان اسلام (رجسٹرڈ) پاکستان