عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشانِ اسلام(رجسٹرڈ)فیصل آباد کے زیرِ اہتمام آستانہ عالیہ پر 26دسمبر2014 ء بروز جمعتہ المبارک 03 ربیع الاول شریف کودرود شریف کی محفل کے بعد آقائے نامدار،حبیبِ کردگار،حضور پر نور ،شافع یوم النشور ﷺکے جشنِ ولادتِ باسعادت کے سلسلہ میں سالانہ تقریبِ پرچم کشائی نہایت تزک و احتشام سے منعقد کی گئی۔نقابت کے فرائض محمد افضال قادری نے سر انجام دئیے۔انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے فرمایاکہ حضور علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی خوشی مناناہمیشہ سے اہلِ ایمان کا وطیر ہ رہاہے اور مُرشدِ برحق کی کامل نسبت کی بدولت سرفروشوں کو یہ سعادت حاصل رہی ہے کہ وہ ہر موقع پر آقائے نامدار ﷺ کی خوشی کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور اُن کی بارگاہِ بے کس پناہ میں اپنی عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کرتے رہتے ہیں ۔تقریب کا باقائدہ آغاز فیصل آباد کے مشہورو معروف ثناء خواں و قصیدہ خواں جناب عبدالعزیز قادری نے اپنی مخصوص آواز میں بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺمیں ہدیہء نعت اور مُرشدِ برحق حضرت سیّدنا ریاض احمد گو ھر شاھی مد ظلہ العالی کی بارگاہِ اقدس میں قصیدہ کا نذرانہ پیش کیا ۔اسکے بعدامیرِ فیصل آباد حاجی محمد سلیم قادری، ممبر مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی محمد اویس قرنی ،سینئر رہنما محمد شفیق قادری،حاجی محمد اصغر قادری سمیت دیگر شرکاء نے مل کر پرچم کشائی کی سعادت حاصل کی۔ اس دوران فضاسرکار کی آمد مرحبا ،دلدار کی آمدا ر،مرحبا کی صداؤں سے گونجتی رہی۔اس خصوصی تقریب میں ذاکرین کی کثیر تعدا د نے شرکت فرمائی۔درودوسلام کے بعدمحمد شفیق قادری نے خصوصی دعا فرمائی ۔بعد ازاں تمام شرکاء محفل میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
رپورٹ:۔محمد رفیق قادری (نمائندہ صدائے سرفروش)فیصل آباد